بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، سیدال خان ناصر
بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، سیدال خان ناصر

مزید خبریں
کوئٹہ/اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اجتماعی سوچ، مشترکہ کاوشوں اور مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے، پاکستان میں ترقی، خوشحالی، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، قدرتی و معدنی وسائل کو جدید تقاضوں کے مطابق بروئے کار لا کر بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت پسماندہ صوبوں میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے کوئٹہ میں جہانگیر خان خروٹی، ارشد گجر اورسمیرا خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان خصوصاً چاغی میں ترقیاتی عمل، عوامی مسائل، معدنی و قدرتی وسائل کے بہتر استعمال، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کے امکانات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ بلوچستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، ان وسائل کو مؤثر، شفاف اور پائیدار انداز میں استعمال کرکے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ صوبے کی افرادی قوت کو ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا راستہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال سے ہو کر گزرتا ہے جبکہ پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر پائیدار ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ وقت سیاسی اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں متحد ہو کر آگے بڑھنے کا تقاضا کرتا ہے، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا، یہ وقت باہمی اختلافات کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت، ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے عملی اقدامات کا ہے۔ملاقات کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور ان کے حل کیلئے ممکنہ اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن سطح پر آواز اٹھائی جائے گی اور تمام متعلقہ حلقوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ میں ارشد گجر سے بھی ملاقات کی جہاں ارشد گجر نے انہیں کتاب کا تحفہ پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے دوست محمد ناصر کے بھائی حاجی محمد ایوب ناصر کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ سیدال خان ناصر نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عزیز کی جدائی کا غم ناقابلِ تلافی ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلخانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔







