بلوچستان کی معیشت میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے : سیکرٹری مواصلات وتعمیرات

بلوچستان کی معیشت میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے : سیکرٹری مواصلات وتعمیرات

کوئٹہ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان کی زیر صدارت پھل و سبزی منڈیوں، غلہ منڈیوں، بس ٹرمینلز اور مویشی منڈیوں کی فعالیت اور ان میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیےاجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں تمام چھ زونز کے چیف انجینئرز افسران کنسلٹنٹس اور ایگزیکٹو انجینئر افسران نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے مختلف منصوبوں پر جاری پیش رفت درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سےبریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے لہذا ان شعبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مارکیٹ انفراسٹرکچر کی ترقی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کسانوں تاجروں اور کاروباری طبقے کو جدید اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ زرعی پیداوار اور مویشیوں کی تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ جاری منصوبوں کے تحت پھل و سبزی منڈیوں میں صفائی ستھرائی نکاسی آب کےموثرنظام کولڈ اسٹوریج پارکنگ ایریاز اور ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے نہ صرف زرعی اجناس کے معیار کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ کسانوں اور تاجروں کو بھی بہتر کاروباری ماحول میسر آئے گا ۔

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مزید تیزی سے کام کیا جائے اور چیف انجینیر ز خود بھی ہفتہ وار ان منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی تکنیکی یا انتظامی مسائل درپیش ہیں انہیں فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نا ہو سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے منصوبوں کی پیش رفت اور معیار کا موثر جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم صوبے بھر میں جاری منصوبوں کا معائنہ کرکے ان کی موجودہ صورتحال معیار اور پیش رفت کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کرے گی جو سیکریٹری آفس میں پیش کی جائے گی۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔