بلوچستان کے مسائل کو مقامی نظر سے دیکھنا ہوگا، حنا ربانی کھر

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال دہائیوں سے ابتر ہوتی جا رہی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم پرانے ٹولز چھوڑ کر وہاں کے مسائل کو خود بلوچ عوام کے نقطہ نظر سے دیکھیں۔ قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے دیہی پنجاب، بالخصوص مظفر گڑھ اور گردونواح کے علاقوں میں …

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال دہائیوں سے ابتر ہوتی جا رہی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم پرانے ٹولز چھوڑ کر وہاں کے مسائل کو خود بلوچ عوام کے نقطہ نظر سے دیکھیں۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے دیہی پنجاب، بالخصوص مظفر گڑھ اور گردونواح کے علاقوں میں ہیوی انڈسٹری کی جانب سے ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانی جانوں کے زیاں پر ایوان کی توجہ مبذول کرائی۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی دہائیوں سے بلوچستان میں ایک ہی جیسے طریقے استعمال کر رہے ہیں جن سے صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک ریاست بلوچستان کے عوام کے مسائل کو ان کی اپنی نظر سے نہیں دیکھے گی، تب تک دیرپا حل ممکن نہیں۔

حنا ربانی کھر نے پنجاب کے دیہی علاقوں میں قائم ہیوی انڈسٹری کے حوالے سے اہم انسانی مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ لوکل ایڈمنسٹریشن کی مبینہ ملی بھگت سے انوائرمنٹل پروٹوکولز اور سیفٹی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 25 جنوری کو شیخو شوگر مل میں دو فائر مین جل کر جاں بحق ہو گئے جبکہ تیسرا شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی بوائلرز پھٹنے سے متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے کہا کہ صنعتی فضلے اور ٹاکسک ویسٹ کو براہِ راست سڑکوں اور نالوں میں پھینک دیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بوائلنگ واٹر اور زہریلا مواد سیم نالوں میں بہانے کی وجہ سے راہ چلتے معصوم بچے ان میں گر کر لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور انوائرمنٹل قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلا جانے والا یہ خطرناک کھیل بند ہو سکے۔

مزید خبریں