پمزہسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ای ڈی پمزڈاکٹر عمران سکندر
پمزہسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ای ڈی پمزڈاکٹر عمران سکندر
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر نے کہا ہے کہ پمز کی نرسری میں آتشزدگی کے المناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ کمیٹی واقعے کے گرد و پیش کے حالات کا جائزہ لے گی، آگ لگنے کی وجہ کا تعین کرے گی اور حفاظت و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے تمام متعلقہ انتظامات کا جائزہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت نرسری میں عملہ موجود تھا اور تحقیقات کے حصے کے طور پر اس سانحے کے حالات کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس واقعے کو انتہائی المناک قرار دیا اور ان خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جن کے بچے آگ سے متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے اور تحقیقاتی کمیٹی کے نتائج کسی بھی قسم کی کوتاہیوں کی نشاندہی کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ مریضوں، خاص طور پر نوزائیدہ بچوں اور دیگر کمزور (حساس) مریضوں کی حفاظت ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق متعلقہ حکام کے سامنے لائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ بدھ کو پمز ہسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔ہسپتال انتظامیہ نے ضروری ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔








