وزیر داخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کے نئے توسیع شدہ امیگریشن ایریا کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ
وزیر داخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کے نئے توسیع شدہ امیگریشن ایریا کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
لاہور۔26اگست (اے پی پی):علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن ایریا میں بڑی توسیع کر دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کے نئے توسیع شدہ امیگریشن ایریا کا دورہ کیا اور مسافروں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔وفاقی سیکرٹری دفاع اور سول ایوی ایشن حکام کی مسلسل دو ہفتے کی دن رات محنت کے بعد وسیع اضافی امیگریشن ایریا کو مسافروں کیلئے کھول دیا گیا۔
نئے امیگریشن ایریا میں لائنوں کی تعداد 8،7 سے بڑھا کر20 کر دی گئی ہے۔مسافروں کے رش کے سیزن کے پیش نظر مستقل نئے کائونٹرز کی تنصیب کا انتظار کئے بغیر ایف آئی اے نے فوری طور پر کائونٹرز لگا کر اضافی امیگریشن ایریا کو فنکشنل کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور مسافروں سے امیگریشن پراسیس اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صرف 15 روز کی قلیل مدت میں وسیع اضافی ایریا کو کھولنا سیکرٹری دفاع، سول ایوی ایشن، ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔پہلے صرف7، 8 امیگریشن لائنیں دستیاب تھیں،اب20 لائنیں ہونے سے مسافروں کے انتظار کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا اور رش کو بہتر انداز میں مینج کیا جا سکے گا۔
رش کے سیزن میں ہماری ترجیح تھی کہ مستقل تعمیراتی کام مکمل ہونے کا انتظار کئے بغیر مسافروں کو فوری ریلیف دیا جائے۔نئے مستقل امیگریشن کائونٹرز کی تنصیب اور باقی تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ نے نامکمل دستاویزات کے حامل مسافر کو روکنے پر ایف آئی اے کے اے ایس آئی کو شاباش دی اور حوصلہ افزائی کی۔محسن نقوی نے ایف آئی اے افسران کو ہدایت کی کہ دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے اور نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔







