قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف سیاسی، سماجی، قانونی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی ملاقاتیں

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف سیاسی، سماجی، قانونی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی ملاقاتیں

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینئر پارلیمنٹیرین اور سابق وفاقی وزیر میر باز محمد کھیتران، سابق رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ، معروف ریسلر سید بلال آغا، وکلا، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں ملک اور بالخصوص بلوچستان کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال، صوبائی ترقی، خواتین کے کردار، کھیلوں کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینئر پارلیمنٹیرین اور سابق وفاقی وزیر میر باز محمد کھیتران سے ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، جمہوری عمل، پارلیمانی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ سیاسی استحکام، باہمی مشاورت اور جمہوری اداروں کا مؤثر کردار ملک کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کی ترجمان اور قومی مسائل کے حل کا اہم فورم ہے جبکہ تمام سیاسی قوتوں کے درمیان مکالمہ جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی شاہانہ کاکڑ نے بھی قائمقام چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی ترقی، پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے اور ملکی و صوبائی ترقی میں خواتین کے مؤثر کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہانہ کاکڑ نے خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فعال شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت اور محنتی ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے صوبے کے دور دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں خواتین کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔معروف ریسلر سید بلال آغا نے بھی قائمقام چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں کھیلوں، بالخصوص ریسلنگ کے فروغ، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی نمائندگی بہتر بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

سیدال خان نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت، صحت مند معاشرے کے قیام اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ریسلنگ سمیت مختلف کھیلوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مناسب تربیت، سہولیات اور مواقع فراہم کرکے قومی اور عالمی سطح پر کامیابیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سے وکلا، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں عوامی مسائل، سماجی بہبود، قانون کی حکمرانی، معاشرتی ہم آہنگی، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ملاقات کرنے والے وفود اور شخصیات کے مؤقف کو توجہ سے سنا اور کہا کہ عوامی نمائندوں، سول سوسائٹی، وکلا، نوجوانوں، خواتین اور دیگر طبقات کے درمیان مؤثر رابطہ معاشرے کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کے حل کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوام کے مسائل اور ترجیحات کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ملاقاتوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی، سماجی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید خبریں