ساؤتھ ایئر ویز کو پشاور سے کوئٹہ اور لاہور کیلئے پروازیں شروع کرنے کی اجازت ملنا صوبے کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی

ساؤتھ ایئر ویز کو پشاور سے کوئٹہ اور لاہور کیلئے پروازیں شروع کرنے کی اجازت ملنا صوبے کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور۔ 26 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا اور بالخصوص پشاور کے شہریوں کو خوشخبری دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ساؤتھ ایئر ویز کو پشاور سے کوئٹہ اور پشاور سے لاہور کے لیے پروازیں شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری پیغام میں انہوں نے نئے فضائی روٹس کی منظوری پر پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کےلیے فضائی رابطوں میں اضافہ خوش آئند اقدام ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ سے کوئٹہ اور لاہور کےلیے پروازوں کے آغاز پر ساؤتھ ایئر ویز کے بھی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی درخواست پر ساؤتھ ایئر ویز نے نئے روٹس کےلیے آپریشن شروع کرنے کی منظوری حاصل کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال ایئرپورٹس سے بھی جلد پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔

ساؤتھ ایئر ویز نے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے نئے جہازوں کے ساتھ جلد فضائی آپریشن شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ نئے فضائی روٹس سے صوبے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور مختلف شہروں کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

مزید خبریں