وزیرمملکت ومعاون خصوصی فہد ہارون کا پمز ہسپتال میں آتشزدگی واقعہ میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس
وزیرمملکت ومعاون خصوصی فہد ہارون کا پمز ہسپتال میں آتشزدگی واقعہ میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وزیرِ مملکت/وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
بدھ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ المناک واقعہ سوگوار خاندانوں کے لیے ناقابلِ برداشت نقصان کا باعث بنا ہے، کیونکہ جاں بحق ہونے والے بعض نومولود بچے ابھی صرف چند گھنٹے قبل ہی دنیا میں آئے تھے۔
وزیرِ مملکت نے اس المناک سانحے میں اپنے نومولود بچوں سے محروم ہونے والے والدین اور خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان جس درد اور غم سے گزر رہے ہیں، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی اوردعا کی کہ اللہ تعالٰی متاثرہ خاندانوں کو صبر اور حوصلہ عطا کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے جائیں گے۔







