اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 21 فروری کو ایک خودکش بمبار سمیت دیگر خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پرجاری آپریشن کے دوران ایک بزدلانہ حملے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے ہفتہ کو جاری …
بنوں میں فتنہ الخوارج کا سکیورٹی فورسز کے قافلہ پر حملہ ، لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید، 5خوارج جہنم واصل، آئی ایس پی آر

مزید خبریں
اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 21 فروری کو ایک خودکش بمبار سمیت دیگر خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پرجاری آپریشن کے دوران ایک بزدلانہ حملے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق بنوں شہر میں معصوم شہریوں/قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے لیڈنگ گروپ نے گاڑی میں سوار ایک خودکش بمبار کو روک کر معصوم شہریوں/قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔
خوارج کی موجودگی کے حوالہ سے جاری آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا تاہم مایوسی کے عالم میں خوارج نے بارود سے بھری گاڑی کو سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی سے ٹکرا دیا۔ جس کے نتیجہ میں اپنے جرأت مندانہ اقدامات کے لیے مشہور ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر اور اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کر نے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز (عمر: 43 سال، ساکن ضلع مانسہرہ) نے سپاہی کرامت شاہ (عمر: 28 سال، ضلع پشاور کے رہائشی) کے ہمراہ شہادت قبول کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ خوارج افغان سرزمین کو استعمال اور رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پاکستان کے اندر اپنی دہشت گردانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔افغان طالبان حکومت ایک مرتبہ پھر خوارج کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے اور وہ بھی رمضان کے مقدس مہینے میں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کے خلاف کسی بھی قسم کے تحمل سے کام نہیں لے گا اور خوارج کے خلاف جائز انتقام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’’عزم استحکام‘‘کے تحت انسداد دہشت گردی مہم ( جس کی نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی سپریم کمیٹی نے منظور ی دی ہے)کے تحت ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ اور سپورٹ شدہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی بے مثال قربانیاں ہماری قوم کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کر تی ہیں۔








