دورہ انگلینڈ کی تیاری، پاکستان انڈر 19 ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری
دورہ انگلینڈ ،پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی تربیتی کیمپ میں پریکٹس جاری

مزید خبریں
لاہور۔22اگست (اے پی پی):پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں،نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے دوسرے روز کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔
ترجمان کے مطابق کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں نوجوان کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بالنگ کے ساتھ فیلڈنگ کے شعبے میں بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی۔تربیتی سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے مختلف فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا، جبکہ کیچنگ اور تھروئنگ کی خصوصی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ کوچز نے کھلاڑیوں کی تکنیک، فٹنس اور میدان میں ردعمل کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مشقوں پر کام کرایا۔ بیٹرز نے نیٹ سیشن میں بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانے اور اپنی تکنیک کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کی، جبکہ بالرز نے لائن، لینتھ اور مختلف ورائٹیز پر توجہ مرکوز کی۔پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورہ انگلینڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہوگا۔ دورے کے دوران پاکستان اور انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیمیں 2 سے 5 ستمبر تک ارونڈل میں یوتھ ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔قومی انڈر 19 ٹیم کی مینجمنٹ کا مقصد دورہ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ نوجوان کرکٹرز انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ کیمپ کے دوران فٹنس، تکنیک، فیلڈنگ اور میچ صورتحال میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف پہلوئوں پر کام جاری ہے۔







