سندھ کے عوام لاہور جیسی ترقی چاہتے ہیں، بشیر میمن

آزاد کشمیر کا انتخابی نتیجہ آئندہ انتخابات میں سندھ میں بھی دیکھنے کو ملے گا، بشیر میمن

کراچی۔ 22 اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں آنے والا انتخابی نتیجہ آئندہ انتخابات میں سندھ میں بھی دیکھنے کو ملے گا، سندھ کے عوام اپنے صوبے میں لاہور جیسی ترقی چاہتے ہیں۔

بشیر میمن نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز پاکستان مسلم لیگ ہاؤس میں ایم کیو ایم پاکستان لیڈیز ونگ کی سابق سیکٹر انچارج امِ عمارہ کی متعدد خواتین کارکنان سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد خواتین وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی اور ترقیاتی اقدامات سے متاثر ہو کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئی ہیں۔ سندھ کے عوام بھی اپنے صوبے میں لاہور جیسی ترقی چاہتے ہیں اور انہیں احساس ہے کہ صوبے کو بہتر طرز حکمرانی اور ترقی کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ سندھ میں لوگ کرپٹ نظام سے تنگ آچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہاؤس سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ پریس کانفرنس سے سینئر پارٹی رہنماؤں سورٹھ تھیبو، زاہد شاہ میر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والی امِ عمارہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متاثر ہو کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی ہمیں مریم نواز کی ضرورت ہے۔