ظہور بلیدی کی مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگرد حملے کی مذمت، اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس
دہشتگرد بلوچستان میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، قوم متحد ہے، ظہور بلیدی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 22 اگست (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں میر ظہور احمد بلیدی نے شہید سکیورٹی اہلکار کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے بلند ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد ہے۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، بلوچستان کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ اور بلوچستان میں پائیدار امن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔







