بنکاک کےشراب خانے میں خوفناک آتشزدگی ، 27 افراد ہلاک

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں پیر کی صبح ایک شراب خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

بنکاک۔13جولائی (اے پی پی):تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں پیر کی صبح ایک شراب خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔اردو نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ رات تقریباً 12 بجے شہر کے شمالی علاقے میں واقع ’نا لادپراؤ پب‘ میں پیش آیا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پب کے اندر آگ کے بلند شعلے بھڑک رہے اور مرکزی دروازے سے دھوئیں کے گھنے بادل اٹھ رہے ہیں۔خوف و ہراس کے عالم میں لوگ جان بچانے کے لیے عمارت سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم چند ہی لمحوں میں پورا ہال دھوئیں سے بھر جاتا ہے۔تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حادثے میں 27 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق پب میں پرفارم کرنے والے ایک موسیقار نے بتایا کہ اس نے سٹیج کے قریب نصب برقی سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھتے دیکھا جس کے فوراً بعد بجلی منقطع ہو گئی پھر زور دار دھماکے کی آواز آئی اور چند ہی لمحوں میں پورا پب دھوئیں سے بھر گیا۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے کئی افراد کی لاشیں پب کے عقبی حصے میں واقع واش رومز سے ملیں جہاں وہ آگ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے پناہ لینے کی کوشش کر رہے تھے۔فائر فائٹرز نے تقریباً آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ واقعے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں پب کا اندرونی حصہ مکمل طور پر جل چکا ہے جبکہ میزیں، کرسیاں اور دیگر سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ اس سے قبل 2022 میں تھائی لینڈ کے مشرقی علاقے میں واقع ایک میوزک پب میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک جبکہ یکم جنوری 2009 کو بینکاک کے سانتیکا نائٹ کلب میں نئے سال کی تقریب کے دوران لگنے والی آگ میں 66 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔