بنگلہ دیش،وسطی ایشیائی اور دیگر دوست ممالک کے لئے "علامہ محمد اقبال سکالرشپس” کی پروجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس
بنگلہ دیش،وسطی ایشیائی اور دیگر دوست ممالک کے لئے "علامہ محمد اقبال سکالرشپس” کی پروجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش،وسطی ایشیائی اور دیگر دوست ممالک کے لئے "علامہ محمد اقبال سکالرشپس” کی پروجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی (پی ایس سی) کا دوسرا اجلاس جمعہ کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کی جس میں وزارتِ خارجہ،اقتصادی امور ڈویژن اور پلاننگ کمیشن کے نمائندوں سمیت اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔کمیٹی نے منصوبے کی مجموعی پیشرفت کا جائزہ لیا اور باقی ماندہ امور کی فوری عملداری کے لئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور و خوض کیا۔
اجلاس میں کئے گئے اہم فیصلوں میں ان باؤنڈ اور آؤٹ باؤنڈ سمسٹرایکسچینج پروگرام کا آغاز اور وسطی ایشیائی و دیگر دوست ممالک کے اہل امیدواروں کو سکالرشپس کی فراہمی شامل ہے۔شرکاء نے زیادہ سے زیادہ دوست ممالک میں تعلیمی نمائشوں (ایجوکیشنل ایکسپوز) اور آگاہی مہمات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں دستیاب تعلیمی مواقع کی بھرپور تشہیر کی جا سکے اور ان ممالک کے باصلاحیت طلبہ کو راغب کیا جا سکے۔
کمیٹی نے بین الاقوامی طلبہ کے لئے ویزا سہولیات سے متعلق مسائل پر بھی گفتگو کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی طلبہ کے لئے ویزا کے اجراء کے عمل کو تیز اور بہتر بنانے کے لئے وفاقی سطح پر موثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔







