مستحق افراد کو قالین سازی کا ہنر سکھانے کے لیے تربیتی مراکز کے قیام کے حوالے سے ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت اجلاس کا انعقاد

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت مستحق افراد کے لیے ہاتھ سے تیار کردہ قالین سازی کے تربیتی مراکز کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا

پشاور۔ 11 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت مستحق افراد کے لیے ہاتھ سے تیار کردہ قالین سازی کے تربیتی مراکز کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین، یو این ڈی پی کے نمائندوں اعجاز، اور ابراہیم، ڈپٹی ڈائریکٹر ضم اضلاع عبیدالرحمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ابرار احمد اور ڈاکٹر محبوب الرحمان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہاتھ سے تیار کردہ قالین سازی کے تربیتی مراکز کے قیام، تربیت کے طریقہ کار اور مستحق افراد کو اس ہنر کے ذریعے روزگار کے قابل بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے ان کی بنیادی سوچ یہی ہے کہ مستحق افراد کو صرف سلائی مشین، وہیل چیئر یا نقد امداد فراہم کرنے تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ انہیں ایسا ہنر اور تربیت دی جائے جس کے ذریعے وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور مستقل بنیادوں پر خود مختار بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے تیار کردہ قالین سازی ایک ایسا ہنر ہے جس میں خواتین، خصوصی افراد اور دیگر مستحق طبقات اپنی صلاحیتوں کے مطابق گھر بیٹھے یا تربیتی مراکز میں کام سیکھ کر باعزت آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔ مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد کسی سے کم نہیں، انہیں صرف مواقع، مناسب تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ گھریلو خواتین اور خصوصی بچے بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق قالین سازی کا ہنر سیکھ کر اپنے خاندان کا سہارا بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ اور سماجی بہبود کے وسائل کو صرف وقتی امداد تک محدود رکھنے کے بجائے ہنرمندی اور تربیت کے فروغ کے لیے بھی استعمال کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، تاکہ مستحق افراد کو بار بار امداد لینے کی بجائے مستقل آمدن کا ذریعہ فراہم کیا جا سکے۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ ہمارا مقصد مستحق افراد کو ہمیشہ امداد کا محتاج رکھنا نہیں بلکہ انہیں ہنر، تربیت اور روزگار کے مواقع دے کر خود کفیل بنانا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مستحق افراد کے ہاتھ میں صرف امداد نہیں بلکہ ایسا ہنر دیا جائے جو ان کی زندگی میں مثبت اور پائیدار تبدیلی لا سکے۔

مزید خبریں