بنگلہ دیش کے شہر کاکس بازار میں شدید مون سون بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر روہنگیا مہاجر کیمپوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں سمیت 8 روہنگیا مسلمان جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بنگلہ دیش، بارشوں کے باعث مہاجر کیمپوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں سمیت 8 روہنگیا مسلمان جاں بحق

مزید خبریں
ڈھاکہ۔6جولائی (اے پی پی):بنگلہ دیش کے شہر کاکس بازار میں شدید مون سون بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر روہنگیا مہاجر کیمپوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں سمیت 8 روہنگیا مسلمان جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکام نے بتایا کہ کاکس بازار میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات چار مختلف مقامات پرکیمپوں میں پیش آئے، جہاں مٹی اور ملبہ رہائشی جھونپڑیوں پر اس وقت آ گرا جب لوگ سو رہے تھے۔ کاکس بازار پولیس کی اہلکار تمپا داس نے بتایا کہ شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے 8 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ ایک الگ واقعے میں کاکس بازار میں پہاڑی کا ایک حصہ گھر پر گرنے سے بنگلہ دیشی شہری جاں بحق جبکہ اس کے خاندان کے2 افراد زخمی ہوگئے۔
روہنگیا مہاجرین کی امداد اور وطن واپسی کے امور کے بنگلہ دیشی عہدیدار محمد میزان الرحمٰن نے کہا کہ مسلسل بارش کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے اس لیے ہزاروں مہاجرین کو خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ادھر بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید شدید بارشوں کی پیشنگوئی کرتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔








