بنگلہ دیش، چند روز سے جاری طوفان اور بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد جاں بحق

بنگلہ دیش میں گزشتہ چند روز سے جاری طوفان اور بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ملک کے9اضلاع میں گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 13 افراد کی موت واقع ہو گئی۔

ڈھاکہ ۔30اپریل (اے پی پی):بنگلہ دیش میں گزشتہ چند روز سے جاری طوفان اور بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ملک کے9اضلاع میں گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 13 افراد کی موت واقع ہو گئی۔

پٹوکھلی میں چار، جمال پور میں دو، اور غازی پور، میمن سنگھ، رنگ پور، شریعت پور، برگونہ، راجباری اور باگیرہاٹ میں ایک ایک شخص کی موت کی اطلاع ملی ہے ۔ پٹواکھلی کے علاقوں کلاپارہ اور رنگابلی ​​میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ یہ سب لوگ حادثات کے وقت کھلے میدانوں میں کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق 28 سالہ زاہد الدین پر رات تقریباً ایک بجے کالاپاڑہ کے تریکتا گاؤں میں مکئی کے کھیت میں کام کرتے ہوئے بجلی گری ۔ مشرقی چکامیا گاؤں کی 55 سالہ ستارہ بیگم پر دوپہر 2 بجے کے قریب مویشیوں کو چرانے کے لیے لے جاتے ہوئے بجلی گری ۔ شانتی پور گاؤں کے 55 سالہ خلیق ہولدر پر بھی تقریباً اس وقت کھیت سے مویشی لے کر گھر لوٹتے ہوئے بجلی گری ۔ رنگابلی ​​کے چارگنگا گاؤں کے 22 سالہ سورو مجمدار پر صبح تقریباً 9 بجے کھیت سے مویشی لاتے ہوئے بجلی گری ۔ جمال پور میں 37 سالہ شمیم ​​میا مچھلیاں پکڑتے ہوئے اور 18 سالہ ساغر اسلام سڑک کی تعمیر میں کام کے دوران دوپہر کے وقت بجلی گرنے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ غازی پور میں 32 سالہ ذاکر حسین خان صبح کے وقت آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گئے ۔

میمن سنگھ میں32 سالہ صدام حسین صبح کے وقت تراکنڈہ میں اپنے گھر کے قریب دریائے رنگشا میں مچھلیاں پکڑنے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ ضلع تارا گنج میں آسمانی بجلی گرنے سے 50 سالہ ساحرہ بیگم کی موت ہوگئی۔ وہ اپنے صحن میں آم کے درخت سے بندھی ایک گائے کو شیڈ میں لانے نکلی تھی ۔شریعت پور میں32 سالہ راجیب شیخ آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ بارگونہ میں، امتلی ضلع کے پوجاکھولا گاؤں کا 54 سالہ کسان نور جمال ایک کھیت میں بارش کے پانی میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گیا ۔

راجباری میں 34 سالہ سمن منڈل صبح اپنی ساڑھے تین سال کی بیٹی کو لے کر جا رہاتھاکہ آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہو گیا تاہم بچی زندہ بچ گئی۔باگیرہاٹ میں 53 سالہ مزدور رابن ہولڈر کھیتوں سے مویشی لاتے ہوئے آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اس سے قبل 27 اپریل کو سونم گنج اور نیتروکونا میں آسمانی بجلی گرنے سے 6 افرادجاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔ 26 اپریل کو سات اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔