بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کا ملک میں ’’جتھہ کلچر‘‘ کے خاتمے کا اعلان

ڈھاکہ۔19فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ 13ویں پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد بی این پی کی نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی ملک میں ’’جتھہ کلچر‘‘ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔بنگلہ دیشی خبررساں ادارے ’’بی ایس ایس‘‘ کے مطابق بنگلہ دیش سیکرٹریٹ میں وزارت داخلہ میں اپنے پہلے ورکنگ ڈے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو …

ڈھاکہ۔19فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ 13ویں پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد بی این پی کی نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی ملک میں ’’جتھہ کلچر‘‘ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔بنگلہ دیشی خبررساں ادارے ’’بی ایس ایس‘‘ کے مطابق بنگلہ دیش سیکرٹریٹ میں وزارت داخلہ میں اپنے پہلے ورکنگ ڈے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جتھہ کلچر ختم ہو چکا ہے، اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ مطالبات کے نام پر شاہراہوں اور سڑکوں پر قبضہ یا ہنگامہ آرائی مزید برداشت نہیں کی جائے گی تاہم جائز مطالبات کو ضابطے کے مطابق پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جلسے، جلوس اور دیگر آئینی و جمہوری حقوق بدستور استعمال کیے جا سکیں گے ، حکومت بنگلہ دیش پولیس کو عوام دوست فورس میں تبدیل کرے گی اور اس کا کھویا ہوا وقار بحال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کا دوست بنانا ہوگا، پولیس کا کھویا ہوا تشخص واپس لانا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے مزید اعلان کیا کہ وزارت داخلہ کو مکمل طور پر بدعنوانی سے پاک ادارہ بنایا جائے گا اور تمام متعلقہ شعبوں میں جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی غیر قانونی لابی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بدعنوان عناصر کے خلاف مکمل تحقیقات کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔