بٹگرام پولیس کی تحصیل الائی کے سکولوں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم جاری

ڈسڑکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان کی ہدایت پر تحصیل الائی کے مختلف سکولوں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم جاری ہے جس کے دوران طلباء کو منشیات کے تباہ کن اثرات،نقصانات اور معاشرے پر اس کے منفی نتائج سے آگاہ کیا جا رہا ہے

بٹگرام۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ڈسڑکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان کی ہدایت پر تحصیل الائی کے مختلف سکولوں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم جاری ہے جس کے دوران طلباء کو منشیات کے تباہ کن اثرات،نقصانات اور معاشرے پر اس کے منفی نتائج سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ بنہ اور تھانہ پزنگ کی حدود میں واقع مختلف سکولوں میں ڈی ایس پی آلائی منیر خان کی زیر نگرانی پولیس افسران کی جانب سے آگاہی نشستوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر طلباء کو منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے جسمانی،ذہنی اور معاشرتی نقصانات کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ انہیں منشیات سے دور رہنے اور صحت مند و مثبت سرگرمیوں کو اپنانے کی تلقین بھی کی جا رہی ہے۔ڈی پی او قمر حیات خان نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین،اساتذہ اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہے اور اسے منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے بٹگرام پولیس کی جانب سے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور معاشرے کے مختلف طبقات کو بھی اس حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

مزید خبریں