بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بااختیار مستقبل کی تعمیر کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور کنیرڈ کالج برائے خواتین لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
بچوں کو محفوظ ماحول، معیاری تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، سارہ احمد

مزید خبریں
لاہور۔20جولائی (اے پی پی):بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بااختیار مستقبل کی تعمیر کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور کنیرڈ کالج برائے خواتین لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب،رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد ، اور پرنسپل کنیرڈ کالج برائے خواتین، پروفیسر ڈاکٹر ارم انجم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرپرسن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق بچوں کو محفوظ ماحول، معیاری تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ مضبوط اشتراک کے ذریعے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی زیر کفالت بچوں کی بحالی، تعلیم، مہارتوں کے فروغ اور شخصیت سازی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیئرپرسن نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت کنیرڈ کالج کی طالبات کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے اداروں میں انٹرن شپ، عملی تربیت اور رضاکارانہ خدمات کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے شعبے میں عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت زیر کفالت بچوں کے لیے جدید تکنیکی مہارتوں، تعلیمی، نفسیاتی اور فنی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ دونوں ادارے بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود، تحقیق، آگاہی مہمات اور علم کے تبادلے کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات بھی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت بچوں کی ذاتی اور کیس سے متعلق معلومات کی رازداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ہر سرگرمی میں بچوں کے بہترین مفاد، تحفظ اور محفوظ ماحول کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چائلڈ پروٹیکشن کے شعبے سے جوڑنا ایک محفوظ، بااختیار اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ پرنسپل ڈاکٹر ارم انجم نے اس موقع پر کہا کہ کنیرڈ کالج سماجی ذمہ داری کے فروغ اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت طالبات کو عملی تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کے تحفظ اور فلاح کے شعبے میں مثبت اور موثر کردار ادا کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگی۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں ادارے ہر سرگرمی میں بچوں کے بہترین مفاد اور ان کے تحفظ کو مقدم رکھیں گے۔ یہ معاہدہ تین سال کے لیے موثر ہوگا جبکہ باہمی رضامندی سے اس میں توسیع یا ترمیم بھی کی جا سکے گی۔ اس اشتراک کے ذریعے بچوں روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید تقویت ملے گی۔








