بڑھتے ہوئے اسرائیلی قبضے سے غزہ کے مکینوں کو خطرات لاحق ہیں، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر بڑھتے ہوئے اسرائیلی قبضے سے وہاں کے مکینوں کو خطرات لاحق ہیں

غزہ۔5جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر بڑھتے ہوئے اسرائیلی قبضے سے وہاں کے مکینوں کو خطرات لاحق ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی این جی اوز نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد یہاں اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقوں میں توسیع غزہ کے مکینوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور امدادی سرگرمیوں کو مزید محدود کر رہی ہے۔اقوام متحدہ اور این جی او کی زیرقیادت کوآرڈینیشن باڈی نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان علاقوں تک رسائی کی پابندیاں نافذ کرنے کے لیے مہلک طاقت کا استعمال کیا ہے جن میں فضائی حملے اور فائرنگ شامل ہے ۔10 اکتوبر 2025 اور اپریل 2026 کے اوائل کے درمیان، اقوام متحدہ نے اسرائیلی فوجیوں کی تعیناتی والے علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں 18 خواتین اور 43 بچوں سمیت 196 فلسطینیوں کی اموات کی تصدیق کی ۔کوآرڈینیشن باڈی کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی اسرائیلی پابندیوں، زندگی بچانے کی سرگرمیوں میں تاخیر یا روکے جانے کی وجہ سے سخت رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ کچھ امدادی تنظیموں کو ان کے کارکنوں کی ہلاکت کے بعد اپنی سرگرمیوں کو کم کرنے یا معطل کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔غزہ میں زیادہ تر فلسطینی متعدد بار بے گھر ہوچکے ہیں اور اب اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ان تنگ جگہوں میں محصور کر رکھا ہے جہاں ضروری خدمات تک محدود رسائی ہے۔اقوام متحدہ اور غیر سرکاری تنظیموں نے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کے خاتمے، بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے مکمل تحفظ اور غزہ میں محفوظ، بلا روک ٹوک انسانی رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔