ملتان میں سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائی، 5 میٹر منقطع

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر ملتان میں گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی، جس کے دوران قواعد کی خلاف ورزی پر 5 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے

ملتان۔ 05 جولائی (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر ملتان میں گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی، جس کے دوران قواعد کی خلاف ورزی پر 5 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دو گیس میٹر ایسے صارفین سے برآمد کیے گئے جنہوں نے میٹر اتار کر اپنے پاس رکھے ہوئے تھے، جبکہ تین صارفین کمپریسر کے غیر قانونی استعمال کے مرتکب پائے گئے، جس پر متعلقہ گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام، گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل کسی بھی قسم کی گیس کی بو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر تمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو آن کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔