وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کے 27ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے
کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی قوم کیلئے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی، میر سرفراز بگٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 05 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کے 27ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے انتہائی نامساعد حالات میں غیر معمولی جرات، بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ہمیشہ کے لیے قوم کے ہیرو بن گئے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا مقدس فریضہ ہے اور شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان آج امن، استحکام اور خودمختاری کے ساتھ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور صوبے کے عوام ہر بیرونی اور اندرونی خطرے کے مقابلے میں اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی، دفاع اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید سمیت تمام شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی اور ان کے ایثار و قربانی کی روایت آئندہ نسلوں کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ بنی رہے گی۔








