ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراجِ عقیدت

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 27ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، جرات اور حب الوطنی کی ایسی لازوال مثال قائم کی جو ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 27ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، جرات اور حب الوطنی کی ایسی لازوال مثال قائم کی جو ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔اتوار کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی غیر معمولی بہادری، قائدانہ صلاحیت اور فرض شناسی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہداء ہمارا قومی سرمایہ ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی مضبوط بنیاد ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔