نئی دہلی۔13ستمبر (اے پی پی):بھارتی سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ، عدالت نے سماعت گزشتہ ہفتے مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج (جمعہ کو ) سنایا گیا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اروند کیجریوال کی ضمانت پر رہائی ہریانہ اسمبلی کے انتخابات سے قبل ہوئی ہے جہاں ان کی پارٹی موجودہ حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن جماعت کانگریس دونوں سے مقابلہ کر رہی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو سی بی آئی نے رواں سال مارچ میں بھارت میں عام انتخابات کا مرحلہ وار انعقاد شروع ہونے سے پہلے ایکسائز پالیسی کے سکینڈل میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے وہ اب تک جیل میں تھے۔
14 اگست کو سپریم کورٹ نےاس کیس میں کیجریوال کو عبوری ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی گرفتاری چیلنج کرنے والی درخواست پر تفتیشی ایجنسی سے جواب طلب کیا تھا۔جمعے کو بھارتی سپریم کورٹ نے دس لاکھ کے دو مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے ان کو اپنے خلاف درج مقدمات بارے بات نہ کرنے کا پابند کیا ہے۔