بھارتی فضائیہ کے گرفتار پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا پاکستان اور بھارت کی مجموعی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے گرفتار پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا پاکستان اور بھارت کی مجموعی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نازک موڑ پر وزیراعظم عمران …

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے گرفتار پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا پاکستان اور بھارت کی مجموعی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نازک موڑ پر وزیراعظم عمران خان کا یہ اعلان دونوں ممالک کے درمیان امن کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ بھارتی ائیرفورس کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے بعد موجود کشیدگی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے عالمی برادری کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے ذاتی مفادات کی خاطر سیاست کر رہا ہے، ڈیڑھ ارب آبادی کا یہ خطہ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پی ٹی آئی حکومت کے موجودہ اعلیٰ رہنما کے اٹھائے جانے والے حالیہ اقدامات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں سب کچھ معمول پر آ جائے گا۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے گرفتار بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان نے وہاں بہت بڑی بحث چھیڑ دی ہے اور جنگی جنون کا شکار ہمسایہ ریاست کو اپنے عوام کے دباﺅ کا بھی سامنا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مکمل طور پر پراعتماد ہیں کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے بعد صورتحال مذید بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے تمام پارلیمنٹیرینز پر زور دیا کہ دنیا میں ایک طاقتور ریاست کے طور ابھرنے کے لیے اسی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

Leave a Reply