بھارتی پروپیگنڈا اور دہشت گردی کے خلاف ریاست پوری طرح متحد ہے۔ طلال چوہدری

فیصل آباد۔ 01 فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حقوق کے نام پر سکولوں، ہسپتالوں اور بازاروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت جرم ہے اور ریاست ایسے عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائی کر رہی ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بلوچستان کے حوالے سے منظم، جھوٹا اور گمراہ …

فیصل آباد۔ 01 فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حقوق کے نام پر سکولوں، ہسپتالوں اور بازاروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت جرم ہے اور ریاست ایسے عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائی کر رہی ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بلوچستان کے حوالے سے منظم، جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا، جعلی ویڈیوز بنائیں اور بلوچستان کے حقوق کے نام پر جھوٹا بیانیہ گھڑا گیا جبکہ دہشت گردی میں بھارتی سرپرستی کے واضح شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ ہارنے کے بعد اب پراکسی وار میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جبکہ بی ایل اے سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں کالعدم ہیں اور ان کے خلاف شواہد عالمی برادری کے سامنے رکھے جا چکے ہیں۔ طلال چوہدری نے واضح کیا کہ وادی تیرہ اور بلوچستان میں گزشتہ تین روز کے دوران پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے یہ تاثر دینا کہ دہشت گردوں نے 12 شہروں کو نشانہ بنایا اور علاقوں پر قبضہ کر لیا سراسر بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد عام آدمی کے بھیس میں آئے اور چند مختلف مقامات پر سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے خواتین، بچوں اور نہتے شہریوں کو ڈھال بنایا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے حملوں کو ناکام بنایا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔سیکیورٹی فورسزنے کارروائی کر کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی کو گرفتار کیا جبکہ فرار ہونے والوں کا تعاقب جاری ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور اس پر تمام سیاسی جماعتوں کا مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔

وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت وقت پوری طرح چوکس ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ محسن نقوی شہریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیر مملکت نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ناقابل فراموش ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو نیست و نابود کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان میں ترقی نہیں دیکھنا چاہتے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان میں امن بحال ہو رہا ہے اور متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔وادی تیراہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وہاں کے مسائل خیبرپختونخوا حکومت کی ناکامی اور وعدہ خلافی کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو سال گزرنے کے باوجود نہ سکول بنے، نہ ہسپتال اور نہ ہی تھانے قائم کیے گئے جو کے پی کے حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے جبکہ عوام کے لیے مختص اربوں روپے کہاں گئے، اس کا جواب صوبائی حکومت کو دینا ہوگا۔