بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ19لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی

46

نئی دہلی ۔28مارچ (اے پی پی):بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ19لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ61 ہزار 586 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

اتوار کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں مہلک کورونا وائرس کے کیسزمیں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اور مہلک وائرس ایک بار پھر انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے،گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 62714 سے زیادہ نئے کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ 312 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہوئے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد11971624ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد486276 ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اب تک161586افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ11323762افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر کے علاوہ تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ بھارت میں اب تک 5کروڑ81 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔