بھکر،کرپشن فری سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے بھرپور اقدامات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کرپشن سے پاک پنجاب مہم کے تحت عوام کو شفاف اور کرپشن فری سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کررہی ہے

بھکر۔ 10 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کرپشن سے پاک پنجاب مہم کے تحت عوام کو شفاف اور کرپشن فری سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کررہی ہے۔اس سلسلہ میں ڈی سی آفس بھکر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودہا ڈویژن مدثر علی بھٹی اور ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سنی گئیں اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری ازالے کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ شہری کرپشن،بدعنوانی یا کسی سرکاری اہلکار کی جانب سے غیر قانونی طور پر رقم طلب کیے جانے کے حوالے سے معلومات اور اپنی شکایات اینٹی کرپشن کی ہیلپ لائن 1350پر درج کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں میں کڑی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہےاگر کوئی اہلکار کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن سے پاک پنجاب مہم کا بنیادی مقصد عوام کو سرکاری اداروں میں شفاف، میرٹ پر مبنی اور بروقت خدمات کی فراہمی ہے۔ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نگرانی اور چھان بین کا عمل جاری رکھے ہوئے ہےجبکہ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ کرپشن یا غیر قانونی مطالبات کے حوالے سے بلاخوف اپنی شکایات متعلقہ فورم تک پہنچائیں۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودہا ڈویژن مدثر علی بھٹی نے کہا کہ کرپشن سے پاک پنجاب مہم کے تحت ڈویژن بھرمیں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ضلع بھکر میں کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ پولیس کی جانب سے شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پرہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہےتھانہ جات کی سطح پر عوامی شکایات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ جانچ پڑتال جاری ہے

پولیس افسران یا اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال یا شہریوں سے غیر قانونی رقوم طلب کرنے کی شکایت ثابت ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

مزید خبریں