بھکر ،فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل

ضلعی انسدادِ سموگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر محمد ارشد وٹو کی زیرِ صدارت منعقد ہوا ،جس میں آئندہ دنوں میں سموگ کے ممکنہ خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

بھکر ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انسدادِ سموگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر محمد ارشد وٹو کی زیرِ صدارت منعقد ہوا ،جس میں آئندہ دنوں میں سموگ کے ممکنہ خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ سموگ کی روک تھام اور اس کے مضر اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے بھٹہ جات اور ٹائر و پلاسٹک جلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ سموگ کے خطرات کو کم کرکے شہریوں کی صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔ اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ٹیموں کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانےشہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات مؤثر بنانے اور متعلقہ ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔