بہتر سروسز کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے،کائنات اظہر خان

چیف ٹریفک آفیسراسلام آباد کائنات اظہر خان نے مختلف پولیس خدمت مراکز اور آسان خدمت مرکز کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سروسز، انتظامات اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسراسلام آباد کائنات اظہر خان نے مختلف پولیس خدمت مراکز اور آسان خدمت مرکز کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سروسز، انتظامات اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور بہترین خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ خدمت مراکز پر آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی اور بہترین رویے سے پیش آیا جائے جبکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

کائنات اظہر خان نے کہا کہ سروسز کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے۔ عوامی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی سہولت اور بہترین سروس ڈیلیوری اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔