بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے کی تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے دوسرے فورم کی میزبانی

بیجنگ ۔23دسمبر (اے پی پی):بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے نے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (ٹی وی ای ٹی) کے دوسرے فورم کی کامیابی سے میزبانی کی جس کا خصوصی مقصد پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے مہارتوں اور ٹیلنٹ کی تیاری کو فروغ دینا تھا۔اس تقریب میں پاکستان اور چین کے سینئر حکام، چین اور پاکستان کے ممتاز زرعی اور کاروباری اداروں نے شرکت کی، جہاں …

بیجنگ ۔23دسمبر (اے پی پی):بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے نے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (ٹی وی ای ٹی) کے دوسرے فورم کی کامیابی سے میزبانی کی جس کا خصوصی مقصد پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے مہارتوں اور ٹیلنٹ کی تیاری کو فروغ دینا تھا۔اس تقریب میں پاکستان اور چین کے سینئر حکام، چین اور پاکستان کے ممتاز زرعی اور کاروباری اداروں نے شرکت کی، جہاں شعبہ جاتی مہارتوں کی ترقی کے لیے مشترکہ شراکت داریوں پر غور کیا گیا۔

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فورم میں زرعی ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، لائیو سٹاک، ڈیری اور فوڈ گریڈ پیکیجنگ جیسے اہم زرعی ذیلی شعبوں کے لیے با مقصد پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اپنے ریکارڈ شدہ پیغامات میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے وزیر اور چیئرپرسن نیوٹیک نے سفارت خانے کے بروقت اقدام کو سراہا۔

چین کی وزارتِ تعلیم اور وزارتِ انسانی وسائل کے کلیدی مقررین نے فورم کو مہارتوں کے فروغ اور ٹیلنٹ کی تیاری کے لیے شعبہ جاتی شراکت داریوں کے ذریعے پاکستان۔چین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ایک ٹھوس پیش رفت قرار دیا جو قومی ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان کے ترجیحی معاشی شعبوں بالخصوص زراعت میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم کو ہم آہنگ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے باہمی تعاون پر مبنی مسلسل مہارتوں کی ترقی، پیداوار میں اضافے، غذائی تحفظ کے استحکام اور ملک میں جامع ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ سفیر نے شرکاء کی قیمتی شراکت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان ترقی پر مبنی، شعبہ جاتی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ تعاون کو سہل بنانے کے لیے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم میں اس مشترکہ عزم کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے کی مخصوص ضروریات کے مطابق تعلیمی اور صنعتی مہارتوں کو ہم آہنگ کیا جائے۔

مزید خبریں