چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور بیلاروس کو اپنے سٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہیے ۔
بیلاروس کی قومی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کر تے ہیں، چینی صدر
بیجنگ۔29جون (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور بیلاروس کو اپنے سٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہیے ۔ شنہوا کے مطابق یہ بات انہوں نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران کہی۔ شنہوا کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ چین اور بیلاروس کو دوطرفہ تعلقات، جو پہلے ہی بہترین ہیں، کو مسلسل آگے بڑھانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ چین، بیلاروس کی قومی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور اس کے قومی حالات سے ہم آہنگ ترقی کے راستے کی بھی تائید کرتا ہے۔ چینی صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین اپنی استطاعت کے مطابق بیلاروس کی ترقی میں تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں کے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دینا چاہیے اور کثیرالجہتی فورمز میں باہمی رابطہ اور تعاون مضبوط بنانا چاہیے تاکہ موجودہ غیر یقینی عالمی صورتحال میں استحکام پیدا کرنے والی قوت کا کردار ادا کیا جا سکے۔









