بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس مرچینٹس کی تعداد تین سال میں 218فیصد اضافہ ہوا ،سٹیٹ بینک

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس مرچنٹس کی تعداد میں تین سال کے دوران 218فیصد اضافہ ہوا ،ای کامرس تاجروں کی تعداد 1398سے بڑھ کر4445تک پہنچ گئی ۔

ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2019ء کے اختتام پر بینکس کے ساتھ دجسٹرڈ ای کامرس مرچینٹس کی تعداد 1398تھی جو مارچ 2020ء کے اختتام تک 1559تک پہنچ گئی ۔ اس طرح ایک سال کے عرصے میں رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد میں 161یعنی 11.51فیصد اضافہ ہوا ۔

مارچ 2020ء کے مقابلے میں مارچ 2021ء کے دوران بینکوں کے ساتھ ای کامرس رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد 61.83فیصد کی شرح نمو سے 1559 سے بڑھ کر 2523تک پہنچ گئی۔مارچ 2021ء کے مقابلے میں مارچ 2022ء کے اختتام تک بینکس کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس مرچنٹس کی تعداد میں 76.17فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد 2523کے مقابلہ میں 4445تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ تین سال کے دوران بینکوں کے ساتھ ای کامرس کے رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد میں مجموعی طور پر 217.95فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو ملک میں ای کامرس کے شعبے کی ترقی اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔