اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے شعبہ حیاتیاتی علوم میں پاکستان بائیو ٹیکنالوجی سٹوڈنٹس سوسائٹی (پی بی ایس ایس) کے دفتر کا باضابطہ افتتاح ایک پروقار تقریب کے ذریعے کیا گیا۔تقریب کا مقصد بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں طلبہ کی قیادت میں سائنسی سرگرمیوں اور اختراعات کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد …
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں پاکستان بائیو ٹیکنالوجی سٹوڈنٹس سوسائٹی کے دفتر کا افتتاح
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے شعبہ حیاتیاتی علوم میں پاکستان بائیو ٹیکنالوجی سٹوڈنٹس سوسائٹی (پی بی ایس ایس) کے دفتر کا باضابطہ افتتاح ایک پروقار تقریب کے ذریعے کیا گیا۔تقریب کا مقصد بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں طلبہ کی قیادت میں سائنسی سرگرمیوں اور اختراعات کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد تھے جبکہ مہمانِ اعزاز ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر حافظ غفران احمد تھے۔ تقریب کی میزبانی چیئرپرسن شعبہ حیاتیاتی علوم ڈاکٹر اسماء گل نے کی جبکہ اس کی نگرانی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور بانی،سرپرست پی بی ایس ایس ڈاکٹر بشیر احمد نے کی۔ڈاکٹر بشیر احمد نے اپنے خطاب میں پی بی ایس ایس کے 2017 سے لے کر اب تک کے سفر اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوسائٹی طلبہ کو تحقیقی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں ترقی کے مواقع فراہم کرتی ہے اور تعلیمی اداروں، صنعت اور معاشرے کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد نے طلبہ کی ایسی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی سوسائٹیز تخلیقی سوچ، تحقیق اور ٹیم ورک کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ڈاکٹر حافظ غفران احمد نے طلبہ کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو سراہا اور پی بی ایس ایس کی سرگرمیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کی ترغیب دی۔ تقریب کا اختتام پی بی ایس ایس کے دفتر کے افتتاح، اجتماعی تصویر اور اساتذہ و طلبہ نمائندگان کے درمیان ملاقات کے ساتھ ہوا۔ تقریب شعبہ حیاتیاتی علوم کے اس عزم کا اظہار تھی کہ وہ بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نئی نسل کو تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے لانے کے لئے پرعزم ہے۔








