اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی (آئی آئی یو آئی) کی فیکلٹی آف عربی (خواتین کیمپس) کے زیر اہتمام پیر کو فاطمہ الزہرا بلاک کے آڈیٹوریم میں عربی خطاطی کی ایک شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی وابستگی کو اجاگر کیا گیا۔ نمائش کا انعقاد جامعہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی سرپرستی اور ڈین فیکلٹی آف عربی …
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف عربی کے زیر اہتمام عربی خطاطی کی شاندار نمائش کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی (آئی آئی یو آئی) کی فیکلٹی آف عربی (خواتین کیمپس) کے زیر اہتمام پیر کو فاطمہ الزہرا بلاک کے آڈیٹوریم میں عربی خطاطی کی ایک شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی وابستگی کو اجاگر کیا گیا۔
نمائش کا انعقاد جامعہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی سرپرستی اور ڈین فیکلٹی آف عربی پروفیسر ڈاکٹر فضل اللہ فضل الاحد کی نگرانی میں کیا گیا۔ تقریب میں سینئر اساتذہ، معزز مہمانان گرامی اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈین فیکلٹی آف عربی پروفیسر ڈاکٹر فضل اللہ فضل الاحد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے عربی خطاطی کی تاریخی و تہذیبی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ فن عربی زبان کی شناخت اور اس کے جمالیاتی اظہار کی ایک نفیس صورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسم الخط عربی کا تحفظ دراصل تہذیبی ورثے کے تحفظ کے مترادف ہے۔ مہمان خصوصی جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور، جج وفاقی شریعت کورٹ نے نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ خطاطی عربی کا قیام ایک علمی و تہذیبی ضرورت ہے جو جامعہ کے وسیع تر وژن اور مشن سے ہم آہنگ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کے وائس پریذیڈنٹ (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جامعہ ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی جو روایت اور جدید علمی معیار کے درمیان ہم آہنگی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے ثقافتی پروگرام جامعہ کی تعلیمی فکر کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ اپنے کلیدی خطاب میں صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے فیکلٹی آف عربی (خواتین کیمپس) کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی اور طالبات کی محنت و تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ عربی زبان اور اس کی فنی روایات کے فروغ کے لیے انتظامی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ نمائش کی نگرانی پروفیسر ڈاکٹر موید فاضل نے کی جنہوں نے خطاطی کے ساتھ منسلک کورس کے تعلیمی و انتظامی امور کی سرپرستی کرتے ہوئے پیش کردہ فن پاروں کے معیار کو یقینی بنایا۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر سمیعہ نازش، انچارج فیکلٹی آف عربی (خواتین کیمپس) نے اظہار تشکر پیش کیا اور مہمانان گرامی، اساتذہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ گرینڈ ہال کو مستقبل میں عربی خطاطی کے کورسز کے لیے مستقل مقام کے طور پر مختص کیا جائے تاکہ اس عظیم فن کی تعلیمی و ثقافتی اہمیت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔








