بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم پالیسی پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے انقلاب کی بنیاد رکھے گی، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آئندہ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم پالیسی پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے انقلاب کی بنیاد رکھے گی جو مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور ایک پائیدار صنعتی ماحولیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آئندہ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم پالیسی پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے انقلاب کی بنیاد رکھے گی جو مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور ایک پائیدار صنعتی ماحولیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزارت صنعت و پیداوار سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کے صنعتی ترقی، صاف توانائی اور پائیدار معاشی نمو کے وژن کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے سٹارچارج، سٹارچارج انرجی پاکستان اور باہم گلوبل لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔یہ معاہدہ بین الاقوامی تعاون، مقامی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے پاکستان میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو الیکٹرک موبیلٹی کے فروغ کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم پالیسی پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے انقلاب کی بنیاد رکھے گی جو مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور ایک پائیدار صنعتی ماحولیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کی جانب منتقلی سے درآمدی پٹرولیم مصنوعات پر پاکستان کا انحصار نمایاں طور پر کم ہوگا جس سے درآمدی بل میں کمی آئے گی، ماحول کا تحفظ ممکن ہوگا اور توانائی کے تحفظ کو بھی فروغ ملے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں الیکٹرک وہیکلز کے بڑھتے ہوئے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارجنگ سٹیشنز کے جال کی توسیع سے صارفین کے لیے الیکٹرک موبیلٹی مزید آسان اور قابل رسائی بن جائے گی۔ہارون اختر خان نے الیکٹرک وہیکلز کو مستقبل کی ٹرانسپورٹ اور پاکستان کی صنعتی تبدیلی کا اہم محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معروف چینی کمپنیوں کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داریاں پاکستان میں ای وی بیٹریوں کی مقامی تیاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ملکی صنعتی صلاحیت میں اضافے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے، خصوصاً جدید مینوفیکچرنگ اور صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں جو پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی اور صنعتی مسابقت کو مزید مستحکم کرے گا۔معاون خصوصی نے کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جدت، سرمایہ کاری اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن پاکستان کو روزگار، برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی علاقائی مینوفیکچرنگ ہب میں تبدیل کرنا ہے۔تقریب میں سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار سیف انجم، جوائنٹ سیکرٹری فریدون اکرم شیخ، حکومتی حکام، سٹارچارج، سٹارچارج انرجی پاکستان، باہم گلوبل لمیٹڈ کے نمائندگان، کاروباری برادری کے ارکان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں