بلوچستان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) کے درمیان مون سون کنٹی جنسی پلان 2026 کے تحت قومی شاہرائوں پر ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مون سون کے دوران قومی شاہرائوں پر ہنگامی ردعمل بہتر بنانے کے لیے پی ڈی ایم اے اور موٹروے پولیس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 21 جولائی (اے پی پی):بلوچستان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) کے درمیان مون سون کنٹی جنسی پلان 2026 کے تحت قومی شاہرائوں پر ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے بلوچستان کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن و ریسکیو 1122، نوید احمد اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ڈی آئی جی و زونل کمانڈر ڈاکٹر قریش خان کے درمیان ایک رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پی ڈی ایم اے کے پروونشل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (PEOC) اور موٹروے پولیس کے کنٹرول اینڈ کمانڈ روم کے درمیان مؤثر رابطہ، بروقت معلومات کے تبادلے، مربوط ہنگامی کارروائیوں اور مون سون کے دوران قومی شاہراہوں پر پیش آنے والے واقعات سے نمٹنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موٹروے پولیس کے چیک پوسٹوں، نامزد فوکل پرسنز اور موبائل پٹرولنگ افسران کے ذریعے سڑکوں کی صورتحال، ٹریفک کی روانی، بندشوں اور ہنگامی واقعات سے متعلق معلومات فوری طور پر شیئر کی جائیں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں حالیہ برفباری کے دوران موٹروے پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت کو بھی سراہا گیا۔ دونوں اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی رابطہ کاری کے نظام کو مزید مؤثر اور ادارہ جاتی شکل دی جائے گی تاکہ مون سون سیزن کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ، قومی شاہراہوں پر ہنگامی ردعمل کو بہتر بنانے اور اہم سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








