بی آئی ایس پی ملکی اور عالمی سطح پر شفافیت، موثر نظام اور مستحق افراد تک بروقت امداد کی فراہمی کے حوالے سے کامیاب ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، ترجمان بی آئی ایس پی

"بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کا قومی سماجی تحفظ کا ادارہ ہے، جسے ملکی اور عالمی سطح پر شفافیت، مؤثر نظام اور مستحق افراد تک بروقت امداد کی فراہمی کے حوالے سے ایک کامیاب ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کا قومی سماجی تحفظ کا ادارہ ہے جسے ملکی اور عالمی سطح پر شفافیت، موثر نظام اور مستحق افراد تک بروقت امداد کی فراہمی کے حوالے سے ایک کامیاب ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، دنیا کے مختلف ممالک کے وفود اور ترقیاتی شراکت دار اس پروگرام کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرتے ہیں۔

جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ترجمان بی آئی ایس پی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض عناصر اپنی سطحی محدود سوچ اور ذاتی یا سیاسی مفادات کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ کروڑوں مستحق خواتین اور خاندان اس قومی ادارے سے منسلک ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بے بنیاد الزامات یا سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نشانہ بنانا مجرمانہ اقدام ہے اور ادارہ پیکا ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ پروگرام شفافیت اور احتساب کے اعلیٰ ترین اصولوں کے تحت چلایا جاتا ہے۔ اس کے مالی و انتظامی معاملات کا باقاعدہ آڈٹ، موثر مانیٹرنگ اور بین الاقوامی شراکت داروں کی نگرانی اس نظام کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بھی اس پروگرام کی کارکردگی اور شفاف نظام پر مکمل اعتماد حاصل ہے۔ رمضان ریلیف پیکج، کوویڈ۔19 اور سیلاب جیسی ہنگامی صورتحال میں اسی پروگرام کے ڈیٹا کا استعمال اس اعتماد کا عملی مظہر ہے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سیاسی و سماجی حلقوں اور میڈیا سے اپیل کرتا ہے کہ اس اہم قومی ادارے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرے۔ قومی اداروں کی ساکھ کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ مستحق خواتین اور ان کے خاندان باعزت انداز میں اس پروگرام سے مستفید ہوتے رہیں۔

مزید خبریں