اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سوشل پروٹیکشن والٹ کے پائلٹ مرحلےکے آغاز کے پہلے 24 گھنٹوں میں ملک بھر کے 30 سے زائد اضلاع میں مستحق خواتین میں 5,747 مفت موبائل سمز جاری کر چکا ہے۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے کا آغاز 17 نومبر سے 41 اضلاع میں ہوچکا ہے جس کے تحت بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹرز پر مستحق …
بی آئی ایس پی کا سوشل پروٹیکشن والٹ کے پائلٹ مرحلے کا آغاز، 24 گھنٹوں میں 30 سے زائد اضلاع میں 5,747 مفت موبائل سمز جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سوشل پروٹیکشن والٹ کے پائلٹ مرحلےکے آغاز کے پہلے 24 گھنٹوں میں ملک بھر کے 30 سے زائد اضلاع میں مستحق خواتین میں 5,747 مفت موبائل سمز جاری کر چکا ہے۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے کا آغاز 17 نومبر سے 41 اضلاع میں ہوچکا ہے جس کے تحت بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹرز پر مستحق خواتین کو ان کے سوشل پروٹیکشن والٹس فعال کرنے کے لیے مفت سمز جاری کی جا رہی ہیں ۔مستقبل میں تمام ادائیگیاں انہی سمز کے ذریعے کی جائیں گی۔
مستحق خواتین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان سمز کی اسی طرح حفاظت کریں جس طرح وہ اپنے ذاتی سامان کی حفاظت کرتی ہیں۔دوسرے مرحلے کا آغاز 24 نومبر سے 53 اضلاع میں ہوگا جس میں کیمپ سائٹ ماڈل کے تحت فی تحصیل کم از کم ایک کیمپ سائٹ قائم کی جائے گی۔تیسرا مرحلہ یکم دسمبر سے 52 اضلاع میں ہوگا، جہاں ہر تحصیل میں کم از کم دو کیمپ سائٹس قائم کی جائیں گی تاکہ مستحق خواتین کو موثر طریقے سے سہولت فراہم کی جا سکے۔سمز کا اجراء ہفتے میں چھ دن کیا جائے گا۔
خواتین کو اپنا اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون ساتھ لانا ضروری ہے اور صرف بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ہی سم فراہم کی جائیگی۔ تمام مستحق خواتین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر تک بی آئی ایس پی دفاتر یا نامزد کیمپ سائٹس سے اپنی مفت سمیں حاصل کر لیں۔ایک بار سم جاری ہونے کے بعد بی آئی ایس پی اس سم پر سوشل پروٹیکشن والٹ کو فعال کرے گا جس سے کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا انسانی مداخلت کے خدشات میں کمی آئے گی۔








