ڈھاکا ۔23فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی)نے سابق قومی کرکٹراور بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کے منیجر منظورالاسلام پر کرکٹ سے متعلق تمام براہِ راست اور بالواسطہ سرگرمیوں میں ملازمت اور وابستگی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ آزادانہ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا، جو سابق کپتان جہان آرا عالم کی …
بی سی بی نے منظورالاسلام پر کرکٹ سے متعلق تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی
ڈھاکا ۔23فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی)نے سابق قومی کرکٹراور بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کے منیجر منظورالاسلام پر کرکٹ سے متعلق تمام براہِ راست اور بالواسطہ سرگرمیوں میں ملازمت اور وابستگی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ آزادانہ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا، جو سابق کپتان جہان آرا عالم کی شکایت کی جانچ کے لیے قائم کی گئی تھی۔ جہان آرا عالم نے الزام عائد کیا تھا کہ 2022 کے عالمی کپ کے دوران ان کے ساتھ نامناسب رویہ اور ہراسانی کی گئی۔
بورڈ کو حال ہی میں تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوئی تھی جس کے بعد قانونی ماہرین سے بھی رائے لی گئی۔ کمیٹی نے چار الزامات کا جائزہ لیا جن میں سے دو شواہد کی کمی کے باعث ثابت نہ ہو سکے، تاہم باقی دو معاملات میں اس وقت کے سلیکٹر اور بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کے منیجر منظورالاسلام کے خلاف بادی النظر میں نامناسب طرزِ عمل کے شواہد ملے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کا رویہ پیشہ ورانہ معیار سے متصادم تھا اور بعض اقدامات سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت بدسلوکی اور ہراسانی کے زمرے میں آتے ہیں۔
منظورالاسلام کا بورڈ کے ساتھ معاہدہ 30 جون 2025کو ختم ہو چکا تھا۔بی سی بی نے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس کے بعد کہا کہ بورڈ کمیٹی کی مزید سفارشات کا جائزہ لے رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر اضافی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
دوسری جانب بورڈ نے ویمنز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ٹی20کے افتتاحی ایڈیشن کے شیڈول کی بھی منظوری دے دی ہے، جو 4 سے 14 اپریل 2026تک ڈھاکا اور چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔ادھر قومی سلیکشن پینل کے چیئرمین غازی اشرف حسین کی مدتِ ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے تاکہ ان کے جانشین کی تلاش اور پینل کی ازسرِ نو تشکیل مکمل کی جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق سابق قومی سلیکٹر حبیب اللہ بشیر اس عہدے کے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔









