ڈھاکہ ۔7جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق سکیورٹی اور سفر کے معاملات پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلہ دیش کو بھارت جا کر کھیلنے یا پوائنٹس سے محرومی کی کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔ بی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے …
بی سی بی کی کرک انفو رپورٹ کی تردید، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر آئی سی سی کا کوئی الٹی میٹم نہیں ملا

مزید خبریں
ڈھاکہ ۔7جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق سکیورٹی اور سفر کے معاملات پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلہ دیش کو بھارت جا کر کھیلنے یا پوائنٹس سے محرومی کی کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔
بی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے بدھ کو اس رپورٹ کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان کسی قسم کی ورچوئل میٹنگ نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق آئی سی سی نے صرف ایک ای میل کے ذریعے چند سوالات اٹھائے ہیں، جن کا تفصیلی جواب جلد دیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے میڈیا ریلیز بھی جاری کی جائے گی۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کی آخری تاریخ یا الٹی میٹم کا ذکر نہیں کیا گیا، بلکہ خط میں بنگلہ دیش کی مکمل شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
بی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے اٹھائے گئے سکیورٹی خدشات کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور ایونٹ کی تفصیلی سکیورٹی پلاننگ میں ان آرا کو شامل کیا جائے گا۔
آئی سی سی نے بی سی بی کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ یہ آئی سی سی کی جانب سے پہلا باضابطہ رابطہ ہے، جب بنگلہ دیش نے اتوار کو سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بی سی بی سے سکیورٹی سے متعلق خدشات کی مزید وضاحت تحریری صورت میں طلب کی ہے۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے، خاص طور پر بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مصفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ہٹائے جانے کے بعدصورتحال پر بات چیت جاری ہے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ آئی سی سی کی مزید وضاحت کے بعد ہی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔








