تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ڈنمارک کے ساتھ تعاون اورتعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پرعزم ہیں، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی ڈنمارک کی سفیرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ڈنمارک کے ساتھ تعاون اورتعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پرعزم ہے۔وزیرخزانہ نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں ڈنمارک کی نئی سفیرماجا مورٹن سن سے ملاقات میں کہی۔ سفیر مورٹن سن نے مختصر نوٹس پر ملاقات کا وقت دینے پر وزیرِ خزانہ کا شکریہ ادا کیا …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ڈنمارک کے ساتھ تعاون اورتعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پرعزم ہے۔وزیرخزانہ نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں ڈنمارک کی نئی سفیرماجا مورٹن سن سے ملاقات میں کہی۔ سفیر مورٹن سن نے مختصر نوٹس پر ملاقات کا وقت دینے پر وزیرِ خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور پُرجوش دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے ڈنمارک کے تین وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے روابط کا واضح ثبوت ہے۔ وزیرِ خزانہ نے سفیر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ڈنمارک کے ساتھ تعاون اورتعلقات مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کے معاشی اشاریے نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں جن میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ، مہنگائی میں کمی، مستحکم کرنسی اور امریکہ، چین، جی سی سی ممالک اور یورپی یونین سمیت بڑے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط ہوتے تعلقات شامل ہیں۔ سینیٹر اورنگزیب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سہولیات فراہم کرنے پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ماضی میں بعض کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان نے غیر ملکی ادائیگیوں کے بیک لاگ کلیئر کر دیئے ہیں اور مالی و زرِی استحکام کی جانب مثبت پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے جاری اہم اصلاحات کا بھی ذکر کیا جن میں ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع، تعمیل میں بہتری، توانائی کے شعبے میں لیکجزمیں کمی اور مہنگائی میں کمی کے ساتھ ساتھ فنانسنگ کی لاگت گھٹانا شامل ہے۔ڈنمارک کی سفیر نے بتایا کہ ڈنمارک کی کمپنیاں پاکستان میں کاروباری دلچسپی رکھتی ہیں جن میں لاجسٹکس، بحری انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ اور توانائی کے شعبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعدد کمپنیاں اپنے آپریشنزکو توسیع دینے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور ڈنمارک پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر شفاف اور مستقل کاروباری ماحول کے فروغ کے لئے تیار ہے۔ملاقات میں جاری اقدامات پر گفتگو کی گئی جن میں جی سی سی فریم ورک کے تحت ہونے والے آئندہ اجلاس، پاکستان کے پورٹس اور لاجسٹکس ایکو سسٹم میں ڈنمارک کی کمپنیوں کی دلچسپی، اور گرین ٹرانزیشن، توانائی کی کارکردگی اور ٹیکنالوجی جدت میں تعاون کے وسیع امکانات شامل ہیں۔

ڈنمارک کی سفیرنے توانائی کے شعبے میں ڈنمارک کے جامع سرکاری سطح کے تعاون کے پروگرام کا ذکر کیا جو ڈنمارک انرجی ایجنسی کی معاونت سے چل رہا ہے اور توانائی ماڈلنگ، انفراسٹرکچر پلاننگ، گرڈ کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافے پر مرکوز ہے۔ وزیرخزانہ کو فیصل آباد میں ڈنمارک کے تعاون سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی جو خطے کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے، یہ منصوبہ واسا کے ساتھ شراکت داری میں ڈنمارک کی فنانسنگ کے ذریعے مکمل ہو رہا ہے جس میں نمایاں گرانٹ بھی شامل ہے، اس منصوبے میں چھ سالہ شراکتی ماڈل اپنایا جائے گا تاکہ پائیداری اور مؤثر نالج ٹرانسفر کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈنمارک کی سفیر نے پاکستان میں ڈنمارک بزنس کلب سے روابط بڑھانے اور آئندہ ہفتوں میں لاہور اور کراچی کے دوروں کے ذریعے صنعتی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں موسمیاتی مالیات میں اصلاحات پر بھی تبادل خیال ہوا۔ وزارتِ خزانہ کے ایک اہلکار نے کلائمٹ فنانسنگ فریم ورکس میں ڈنمارک کی عالمی قیادت اور دنیا بھر میں وزارتِ خزانہ کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا، جو قومی بجٹ سازی میں ماحولیاتی لچک کو مرکزی حیثیت دینے کے لئے کوشاں ہیں۔

وزیر خزانہ نے اس سے اتفاق کیا اور بتایا کہ پاکستان بھی عالمی فورمز میں فعال طور پر شریک ہے اور وزارتِ خزانہ کی پالیسیوں میں پائیدار ترقی کے اہداف کو شامل کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اقتصادی، ترقیاتی اور ماحولیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید گہرے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے باقاعدہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔