تحریک انصاف (کل) کشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی، ہم پوری دنیا میں مظلوم کشمیری عوام کی آواز بنیں گے، پوری قوم بھرپور طریقے سے کشمیری عوام کی حمایت کےلئے گھروں سے نکلے، چیف آرگنائزر تحریکِ انصاف سیف اللہ خان نیازی

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) چیف آرگنائزر پاکستان تحریکِ انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف (کل) بدھ کو کشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی، ہم پوری دنیا میں مظلوم کشمیری عوام کی آواز بنیں گے، پوری قوم بھرپور طریقے سے کشمیری عوام کی حمایت کےلئے گھروں سے نکلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے اپنے بیان میں کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر چیف آرگنائزر پاکستان تحریکِ انصاف سیف اللہ خان نیازی، مرکزی جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی، مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے اپنے پیغامات میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف انشاءاللہ (کل) بدھ کوکشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی بھرپور سفارتی کوششیں مو¿ثر ثابت ہو رہی ہیں، پاکستان کی کوششوں سے آج سفاک مودی سرکار کے مذموم عزائم پوری طرح بے نقاب ہو رہے ہیں، پوری دنیا کشمیر میں جاری کرفیو اور بھارتی فوجیوں کے ظلم و ستم پر گہری تشویش میں مبتلا ہے۔ اقوام عالم سے اپیل ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے روایتی رویہ ترک کریں اور 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 80 لاکھ کشمیریوں پر ہونے والے بدترین ظلم کا راستہ روکیں، اقوام عالم سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دینے کےلئے معنی خیز اقدامات اٹھائیں۔ ہماری دعا ہے کہ مظلوم کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رنگ لائیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی کی منزل حاصل ہو۔