ضلعی انتظامیہ کی ہیلتھ کیئر سروسز کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر عامر اسرار کی زیر قیادت ہسپتال کے نظم و ضبط، عملہ کی حاضری اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سرپرائز وزٹ، عملہ کی حاضری سمیت ہیلتھ کیئر سروسز کا جائزہ لیا

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی ہیلتھ کیئر سروسز کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر عامر اسرار کی زیر قیادت ہسپتال کے نظم و ضبط، عملہ کی حاضری اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ عوام الناس کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتالوں کے انتظامی امور کو یقینی بنانے کیلئے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان نے ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، ہسپتال آمد پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے ان کا استقبال کیا اور ادارہ کی کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی حاضری، صفائی کے انتظامات اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان نے ہسپتال کے مجموعی نظم و ضبط، عملہ کی حاضری اور صفائی کے بہتر نظام کو مثبت قرار دیا اور ایم ایس ڈاکٹر عامر اسرار کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عامر اسرار بطور ایڈمنسٹریٹر ہسپتال کا نظام بہتر اور منظم طریقہ سے چلا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے اس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور ہسپتال میں دستیاب تمام تر وسائل کو زیادہ سے زیادہ موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجہ میں ہر ممکن سہولت اور بہترین ماحول میسر آ سکے۔








