ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا ڈسکہ شہر اور جامکے چیمہ کا دورہ،صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے ستھرا پنجاب پروگرام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ڈسکہ شہر کے مختلف علاقوں اور جامکے چیمہ کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

سیالکوٹ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے ستھرا پنجاب پروگرام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ڈسکہ شہر کے مختلف علاقوں اور جامکے چیمہ کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔منگل کو دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہری و عوامی مقامات پر صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی، صفائی آپریشن کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کی فوری نشاندہی اور ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ عملے کی جوابدہی کے ساتھ صفائی کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری علاقوں، گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر صفائی برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لئے مسلسل مانیٹرنگ اور فیلڈ میں عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔