سوشل سیکٹر صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے،وزیر اعلیٰ امجد حسین
سوشل سیکٹر صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے،وزیر اعلیٰ امجد حسین

مزید خبریں
گلگت۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے صوبائی سیکریٹری سوشل ویلفیئر کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو سوشل سیکٹر کیلئے مختص رقم کے استعمال کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سیکٹر صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ اس حوالے سے انڈومنٹ فنڈ کا قیام فوری طور پر عمل میں لایا جائے۔ ہماری ترجیح ہے کہ سوشل سیکٹر کیلئے تقریباً ساڑھے 6 ارب کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے۔
انڈومنٹ فنڈ کے درست استعمال اور معاشرے کے محروم طبقے کی فلاح و بہبود، خصوصی افراد، بیواؤں، خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے سمیت ان کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کیلئے صوبائی سیکریٹری خزانہ نجیب عالم، صوبائی سیکریٹری سروسزاختر حسین رضوی، صوبائی سیکریٹری ہایئر ایجوکیشن رشید احمد، صوبائی سیکریٹری سوشل ویلفیئر منصور عالم، صوبائی سیکریٹری زراعت عثمان احمد،سپیشل سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ لیاقت علی، محکمہ پلاننگ سے چیف اکانومسٹ جاوید اور سوشل سیکٹر میں وسیع تجربہ رکھنے والی فوزیہ قاضی پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ہفتے میں اپنی سفارشات تیار کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد، بیواؤں، خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بینکوں کے ذریعے سبسڈائزڈ لون فراہم کئے جائیں گے۔ صوبے کے تمام خصوصی افراد کیلئے مرحلہ وار الیکٹرک وہیل چیئرز دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ دارالامان کو فعال بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صوبے میں دارالامان کا قیام انتہائی لازمی ہے اور معاشرے کے معذور افراد کو خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانا ضروری ہے۔







