تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کی نیلسن منڈیلا کے داماد پرنس موضی ڈلامینی اور سینیٹر پرنس مگو ڈیولا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ سے آئے وفد نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے پاکستان آئے ہیں، جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان آئے گی۔ منگل کو جنوبی افریقہ کے صوبہ سوازی لینڈ سے تعلق رکھنے والے نیلسن منڈیلا کے داماد …

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ سے آئے وفد نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے پاکستان آئے ہیں، جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان آئے گی۔ منگل کو جنوبی افریقہ کے صوبہ سوازی لینڈ سے تعلق رکھنے والے نیلسن منڈیلا کے داماد پرنس موضی ڈلامینی اور سینیٹر پرنس مگو ڈیولا کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم جنوبی افریقہ سے آئے نیلسن منڈیلا کے داماد کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کے ساتھ سینیٹر پرنس مگو ڈیولا بھی تشریف لائے ہیں۔ انہوں نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ دونوں مہمانوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے آئے مہمانوں نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان کی جب نیلسن منڈیلا سے ملاقات ہوئی تھی تو کافی یادیں تازہ کی گئیں۔ جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم عنقریب پاکستان آئے گی۔ اس موقع پر نیلسن منڈیلا کے داماد پرنس موضی ڈلامینی نے کہا کہ ہم یہاں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، پاکستان موثر طریقے سے کشمیر کے مسئلہ کو اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، ہم برطانیہ اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے لئے موثر کردار ادا کیا جائے۔ اس موقع پر سینیٹر پرنس مگو ڈیولا نے کہا کہ پچھلے ہفتہ ہماری پارلیمنٹ کا آغاز ہوا ہے، کشمیر کی صورتحال سے متعلق بچوں نے جو تھیٹر پیش کیا، اس نے مجھے بہت متاثر کیا۔ میں نے یہ سبق سیکھا کہ ہماری خاموشی بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا باعث بن رہی ہے۔ ہمیں کشمیریوں کے قتل و غارت کی روک تھام کے لئے اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بحال کرنا چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان کی کشمیر کے حوالے سے کوششوں اور کاوشوں کو سراہتے ہیں۔