ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن کی نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفاد کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں تعاون ضروری ہے، امید ہے کہ اپوزیشن آئندہ بھی قومی مفادات کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرے گی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفاد کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں تعاون ضروری ہے، امید ہے کہ اپوزیشن آئندہ بھی قومی مفادات کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرے گی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ملک میں شفاف انتخابات پر یقینی رکھتی ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں کبھی آئیڈیل الیکشن نہیں ہوئے، جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تو سیاسی جماعتیں سوالات اٹھاتی ہیں اسلئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا ہو گا جو کہ وقت کی ضرورت ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے معاملے پر حکومت اپوزیشن سے رابطے میں ہے، چیئرمین الیکشن کمیشن کےلئے نئی لسٹوں پر بات کی جا رہی ہے، امید ہے کہ معاملہ ایک ہفتے میں حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے ادوار میں نیب قوانین میں اصلاحات نہیں کیں، پی ٹی آئی حکومت نے اقدام اٹھایا ہے اور اب اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ وہ اصلاحات کیلئے تجاویز دے، حکومت قومی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہے۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو مل بیٹھ کر کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ احتساب جمہوریت کا بنیادی جزو ہے، اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، 2020ءپاکستان کے استحکام کا سال ہے، ہم پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کریں گے، حکومت احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، بدعنوان اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔