ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے عوامی اجتماعات، سیمینارز، تربیتی پروگراموں، سرکاری تقریبات اور دیگر سماجی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے مجوزہ ملٹی پرپز ہال کے مقام کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتراور پائیدارسہولیات فراہم کرنا اور ضلع کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے،ڈپٹی کمشنرلورالائی محمد حسیب شجاع

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے عوامی اجتماعات، سیمینارز، تربیتی پروگراموں، سرکاری تقریبات اور دیگر سماجی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے مجوزہ ملٹی پرپز ہال کے مقام کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مجوزہ مقام کی موزونیت، عوامی رسائی، دستیاب رقبے، پارکنگ سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور مستقبل میں بڑھتی ہوئی عوامی ضروریات کے تناظر میں اس منصوبے کی افادیت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کے ابتدائی خدوخال اور ممکنہ فوائد سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ملٹی پرپز ہال کی تعمیر سے ضلع میں سرکاری و عوامی تقریبات، سیمینارز، ورکشاپس، آگاہی مہمات، مشاورتی اجلاسوں، تعلیمی و تربیتی پروگراموں اور دیگر کمیونٹی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ایک معیاری اور منظم پلیٹ فارم میسر آئے گا، جس سے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ منصوبے کے حوالے سے جامع فزیبلٹی رپورٹ، تخمینہ لاگت، سائٹ پلان اور تکنیکی سفارشات جلد از جلد تیار کرکے پیش کی جائیں تاکہ منصوبے پر عملی پیش رفت کے لیے ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ لورالائی عوامی فلاح و بہبود، بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر اور پائیدار سہولیات فراہم کرنا اور ضلع کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ مختلف شعبوں میں عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، تعلیمی و صحت کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔








